کورونا کے متوقع کیسز 75 ہزار کم، دو ہفتے سے حالات میں بہتری آئی، اسد عمر
اسلام آباد: اسد عمر نے کہا ہے کہ 30 جون تک کورونا وائرس کے متوقع کیسز میں 75 ہزار کی کمی ہوگئی۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا کیسز بڑھنے پر لوگوں نے حفاظتی تدابیر اختیار کی ہیں، کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں اور ہم نے معاشرے میں ذمے دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا، پہلے 30 جون تک 3 لاکھ کیسز متوقع تھے جو اب کم ہوکر 2 لاکھ 25 ہزار ہوگئے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے 14 جون کو حقائق سامنے رکھے تھے اور اندازہ تھا کہ 30 جون تک کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، لیکن آج اجلاس میں ہم نے ماہرین کی رائے کا جائزہ لیا اور اب متوقع کیسز کی تعداد کم ہوگئی ہے، جو تین لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ تھا وہ سوا دو لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی جائیں تو وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے اور حالات خراب ہوسکتے ہیں، اگر سب لوگ صحیح کام کریں اور حکومت سمیت سب اپنی ذمے داری پوری کریں تو پھیلاؤ کو روکنے میں خاطر خواہ کامیاب ہوسکتی ہے، اگر ہم سب اپنا کردار ادا کریں تو وبا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر ہم احتیاط نہیں کریں گے تو حالات خراب ہوسکتے ہیں، صحت کے نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے، صورت حال ایسی نہیں کہ صحت کا نظام مفلوج ہوتا نظر آئے، کوشش کررہے ہیں کہ کاروبار زندگی بھی چلتا رہے، غریب لوگ بھی متاثر نہ ہوں اور ہم عوام کی صحت کی حفاظت بھی کریں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ کورونا کا خطرہ ٹل گیا تاہم پچھلے دو ہفتے میں حالات میں بہتری آئی ہے اور مزید آئے گی۔