سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو گرفتار کرنے کا عدالتی حکم

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف آزادی مارچ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
یہ حکم جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت سے جاری کیا گیا، جس میں پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ عمران اسماعیل کو فوری گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب عدالت نے مقدمے کی سماعت کے دوران عمران اسماعیل کی مسلسل غیر حاضری کا نوٹس لیا۔
عمران اسماعیل تھانہ بارہ کہو میں درج ایک مقدمے میں نامزد ملزم ہیں، جو 2022 میں ہونے والے پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کے دوران درج کیا گیا تھا۔ یہ مارچ پی ٹی آئی کے چیئرمین کی کال پر منعقد ہوا تھا، جس کے دوران کئی سیاسی رہنماؤں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔
دلچسپ بات کہ اسی مقدمے میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور دیگر متعدد سینئر رہنما پہلے ہی عدالت سے بری ہوچکے ہیں، تاہم عمران اسماعیل کے خلاف قانونی کارروائی اب بھی جاری ہے۔
یاد رہے کہ عمران اسماعیل، جو سابق گورنر سندھ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، حالیہ دنوں میں سیاست میں نسبتاً کم فعال نظر آئے ہیں، تاہم ان کے خلاف جاری عدالتی کارروائی نے ایک بار پھر انہیں خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔