این آئی سی وی ڈی کراچی میں اربوں کی کرپشن، تحقیقات نیب سے اینٹی کرپشن سندھ کو منتقل

کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات نئے آرڈیننس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) سے اینٹی کرپشن سندھ کو منتقل کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیب کراچی نے چیف سیکریٹری سندھ سے کرپشن کے خلاف انکوائری کی درخواست کردی، درخواست میں من پسند ٹھیکیداروں کو خلاف ضابطہ اربوں روپے کے ٹھیکے دینے اور رشوت لینے کی بھی نشان دہی کی گئی ہے۔
قومی ادارہ برائے امراض قلب کراچی میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات اب اینٹی کرپشن کے ہاتھ میں چلی گئی، نئے آرڈیننس کے بعد این آئی سی وی ڈی میں کرپشن کی تحقیقات نیب کے بجائے اینٹی کرپشن سندھ کرے گا۔
نیب کراچی کے چیف سیکریٹری سندھ کو ارسال کیے گئے مراسلے میں درخواست کی گئی ہے کہ غیر قانونی تقرریوں، اربوں روپے کے غیر قانونی الاؤنسز اور مراعات دینے کی انکوائری کی جائے۔