کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری، پاکستان کا تنزلی کے بعد 135 واں نمبر
![](https://urdu.voiceofsindh.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/Corruption-Perception-Index-released.jpg)
اسلام آباد: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پرسپشن انڈیکس 2024 جاری کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کرپشن پرسپشن انڈیکس میں پاکستان تنزلی کے بعد 135 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
کرپشن پرسپشن انڈیکس کے مطابق ڈنمارک بدستورپہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ فن لینڈ دوسرے اور سنگاپور تیسرے نمبر پر ہیں۔
انڈیکس کے مطابق امریکا تنزلی کے بعد 28 ویں نمبر پر آگیا ہے، بھارت 96، ترکیہ 107، بنگلادیش 151 اور افغانستان 165 نمبر پر ہے۔
انڈیکس کے مطابق کرپشن میں پاکستان کی درجہ بندی 8 مختلف ذرائع سے حاصل ڈیٹا پر کی گئی، انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی بھی مزید نیچے آکر 27 ہوگئی، 2023 میں پاکستان کی کرپشن پرسپشن انڈیکس میں درجہ بندی 29 تھی۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے جاری کردہ انڈیکس کے مطابق اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے عہدیداران کے خلاف قانونی کارروائی یا سزا کا انڈیکس اسکور بدستور 21 رہا، پبلک وسائل کے غلط استعمال اور اس سے متعلقہ انڈیکس کا اسکور 20 سے کم ہوکر 18 ہوگا۔
انڈیکس کے مطابق کاروبار کے لیے رشوت دینا یا کرپٹ پریکٹس کا سامنا کرنے کا اسکور 35 سے کم ہوکر 32 ہوگیا جب کہ سیاسی نظام میں کرپشن کا انڈیکس 32 سے بڑھ کر 33 ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق حکومتی اداروں اور سرکاری ملازمین کی جواب دہی، بااثر گروہوں کے ریاست پر قبضے کاانڈیکس 35سے بڑھ کر 39 ہوگیا جب کہ کرپشن کی وجہ سے عوامی فنڈز افراد یا کمپنیوں کو دینے کا انڈیکس 45 سے کم ہوکر 33 پر آگیا ہے۔
انڈیکس میں بتایا گیا ہے کہ ایگزیکٹو، عدلیہ، ملٹری اور قانون سازوں کا ذاتی مقاصد کے لیے سرکاری وسائل کے استعمال کا اسکور 25 سے بڑھ کر 26 ہوگیا جب کہ پبلک سیکٹر، ایگزیکٹو، عدلیہ اور لیجسلیٹو کرپشن کا اسکور 20 سے کم ہو کر 14 ہوگیا۔