کورونا ویکسین لگوانے پر بینائی لوٹ آئی
نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں کورونا ویکسین لگوانے پر معمر خاتون کی بینائی لوٹ آئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا ویکسین کی حوالے سے جہاں بہت سی منفی باتیں زیرگردش ہیں وہیں مہاراشٹر کے واشم ضلع کی معمر خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے کے بعد ان کی بینائی واپس لوٹ آئی ہے۔
بھارتی معمر خاتون متھورا بانی بیڈو نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے کے بعد ان کی بینائی واپس آ گئی ہے۔ ان کی بینائی 9 سال قبل موتیا کی وجہ سے چلی گئی تھی اور انہیں دونوں آنکھوں سے نظر نہیں آتا تھا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اپنے رشتے داروں کے ساتھ رہتی ہیں اور انہوں نے “کووی شیلڈ ویکسین” کی پہلی ڈوز لگوائی تھی، ویکسین لگوانے کے اگلے ہی روز ان کی 30 سے 40 فیصد بینائی واپس لوٹ آ گئی۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناسک میں بھی ایک معمر شخص اروند سونار نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا کی دوسری ویکسین لگوانے کے بعد ان کے جسم سے دھاتی چیزیں چپک رہی ہیں تاہم اس بارے میں کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی