کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، اداکارہ گرفتار!
دبئی: ایس او پیز کی خلاف ورزی کرکے سالگرہ کی پارٹی کرنے پر اداکارہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی پولیس نے کورونا وائرس میں عوامی اجتماع کرنے پر اداکارہ کو گرفتار کیا اور اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی سالگرہ کی پارٹی منعقد کی اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالی جو کورونا کی روک تھام کے لیے نافذ پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔
پولیس کی جانب سے اداکارہ کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے اپنی سالگرہ پر دو مختلف ہوٹلز میں پارٹیوں کا انعقاد کیا، جس میں متعدد افراد نے شرکت کی جو حکومت کے نافذ کردہ قواعد کی خلاف ورزی ہے۔
دبئی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے اداکارہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے اسنیپ چیٹ پر پارٹیوں کی ویڈیوز پوسٹ کیں، جس میں دیکھا گیا کہ پارٹی میں موجود افراد نے سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا اور شرکا ماسک بھی نہیں پہنے ہوئے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل دبئی پولیس کا کہنا تھا کہ اداکارہ نے کورونا کے خلاف کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے اور ایس او پیز کو بالائے طاق رکھا لہٰذا اس خلاف ورزی پر قوانین کے تحت 10 ہزار درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد تقریباً 90 ہزار ہے اور 400 سے زائد افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔