حج کے دوران 1301 حجاج کے جاں بحق ہونے کی تصدیق
سعودی عرب میں حج کی ادائیگی کے دوران حاجیوں کی اموات پر سعودی وزارت صحت کا بیان سامنے آگیا۔
سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ اس سال حج کی ادائیگی کے دوران 1301 حجاج کی موت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اموات مناسب پناہ گاہ نہ ہونے اور آرام کیے بغیر براہ راست سورج تلے تیز دھوپ میں طویل فاصلے تک پیدل چلنے کی وجہ سے ہوئیں۔
سعودی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ جاں بحق حجاج میں متعدد معمر افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد بھی شامل ہیں جب کہ 83 فیصد اموات ان حجاج کی ہوئیں جو اجازت کے بغیر حج میں شامل ہوئے تھے۔
اس سے قبل عرب سفارت کار کا کہنا تھا کہ حج کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں صرف مصری حاجیوں کی تعداد کم سے کم 600 تک ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے حج کے دوران ہیٹ ویو سے 35 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔
پاکستان کے حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل عبدالوہاب سومرو کے مطابق منیٰ میں 4، عرفات 3 اور مزدلفہ میں 2 پاکستانیوں کی اموات ہوئیں جب کہ 20 پاکستانی حجاج کی اموات مکہ اور 6 مدینہ میں ہوئیں۔
خیال رہے کہ اس سال 18 لاکھ افراد نے حج کا فریضہ انجام دیا۔ حج کے دوران درجہ حرارت 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
سعودی محکمہ موسمیات نے رواں برس حج سیزن کے دوران شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی کر رکھی تھی اور اسی مناسبت سے سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عازمین کرام کے لیے جگہ جگہ پانی کے فواروں اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا تھا۔