آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق کی تصدیق

کراچی: ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق کی تصدیق کردی۔
گزشتہ دنوں سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز اور ونیزہ احمد نے مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی۔
شو کے ایک سیگمنٹ میں شگفتہ اعجاز کے ہاتھ میں اداکار آغا علی کی تصویر آئی جس کا رُخ مدیحہ نقوی اور ونیزہ احمد کی جانب تھا، شگفتہ اعجاز کو معلوم نہیں تھا کہ اُن کے ہاتھ میں کس اداکار کی تصویر ہے۔
میزبان مدیحہ نقوی اور ونیزہ احمد نے آغا علی کا نام لیے بغیر اُن کے کام اور اُن کی شخصیت سے متعلق چند مشہور باتیں کہیں، جن کی مدد سے شگفتہ اعجاز کو پہچاننا تھا کہ اُن کے ہاتھ میں کس اداکار کی تصویر ہے۔
سیگمنٹ کے دوران، مدیحہ نقوی نے شگفتہ اعجاز سے کہا کہ آپ کے ہاتھ میں جس اداکار کی تصویر ہے، ان کا تعلق لاہور سے ہے، ان کے والد بھی مشہور اداکار تھے جب کہ ان کے ماموں بھی سینئر اداکار ہیں۔
مدیحہ نقوی نے کہا کہ ان کے بڑے بھائی عدنان صدیقی کے شو تماشا گھر کا حصہ تھے جب کہ ان کی شادی پاکستان کی مقبول اداکارہ سے ہوئی تھی، دونوں میاں بیوی نے ایک ساتھ شو کی میزبانی بھی کی تھی۔
میزبان نے کہا کہ بدقسمتی سے ان کی اپنی اہلیہ و اداکارہ (حنا الطاف) سے علیحدگی ہوچکی ہے، دونوں نے ابھی تک دوسری شادی نہیں کی اور فی الحال! دونوں ہی سنگل لائف گزار رہے ہیں۔


اُنہوں نے مزید کہا کہ شوبز انڈسٹری میں انہیں غصے والا اداکار کہا جاتا ہے، یہ سب سُننے کے بعد بھی شگفتہ اعجاز پہچان نہ سکیں جس کے بعد اُنہوں نے ہار مانتے ہوئے تصویر دیکھی تو کہا کہ یہ تو آغا علی ہیں۔
مدیحہ نقوی کی تصدیق کے بعد، آغا علی اور حنا الطاف کے مداح جہاں مایوس ہوئے تو وہیں کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی کی وجہ آغا علی ہیں۔
خیال رہے کہ آغا علی اور حنا الطاف سال 2020 میں کورونا وائرس کے دنوں میں لاک ڈاؤن کے دوران شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔
سال 2022 میں حنا الطاف اور آغا علی کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر جوڑے نے اپریل 2022 میں افواہوں کی سختی سے تردید کی تھی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔