افغانستان سے پاکستان آنے والا چرس سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

کراچی: چمن بارڈر کے راستے افغانستان سے پاکستان چرس کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ماڈل کسٹمز کلکٹوریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے ناکام بنادی۔
کراچی کسٹمز ہاؤس سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اکبر جان کی نگرانی میں پاکستان کسٹمز کی ایک خصوصی ٹیم نے افغانستان سے پاکستان آنے والی مال بردار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی۔
ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں گزشتہ رات کسٹمز کی ٹیم نے چمن بارڈر کے قریب ایک دس وہیلر ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا تو نامعلوم ملزمان تیز رفتاری سے ٹرک لے کر آگے نکل گئے اور تعاقب کرنے پر ملزمان ٹرک کو کچھ فاصلہ پر روک کر فرار ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ کسٹمز نے ٹرک کو تحویل میں لے کر مکمل تلاشی لی تو اس میں بنائے گئے خصوصی خفیہ خانوں سے اعلیٰ قسم کی لگ بھگ ایک ٹن چرس برآمد ہوئی، جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 20 کروڑ 70 لاکھ روپے ظاہر کی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کرکے مفرور ملزمان کے خلاف کسٹم اور منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔