چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری فارغ، نوٹیفکیشن جاری!
اسلام آباد: حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کو عہدے سے ہٹادیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کو عہدے سے ہٹائے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے ایچ ای سی ترمیمی آرڈیننس 2021 لاگو کردیا گیا ہے جس کے بعد چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت 2 سال کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ طارق بنوری کے خلاف وسیع پیمانے پر شکایات عام تھیں، وہ گزشتہ تین سال سے ایڈہاک بنیادوں پر ایچ ای سی چلا رہے تھے، نہ تو میرٹ پر مستقل ای ڈی تعینات کیا گیا نہ ہی ریجنل ڈائریکٹرز تعینات ہوئے، بھاری تنخواہوں پر درجن بھر کنسلٹنٹ بھرتی کیے گئے تھے جن میں بعض نہ صرف ریٹائرڈ بلکہ تعلیمی لحاظ سے گریجویٹ تھے۔
حال ہی میں نیب نے بھی ڈاکٹر طارق بنوری کے خلاف بدعنوانیوں، بے قاعدگیوں، بدانتظامی اور کنسلٹنٹس کی تعیناتی پر تحقیقات شروع کردی تھیں کہ اس دوران آرڈیننس جاری کرکے چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت کم کرکے انہیں فارغ کردیا گیا۔
طارق بنوری کو (ن) لیگ کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مئی 2018 میں تعینات کیا تھا اور ان کی 4 سالہ مدت مئی 2022 تک تھی۔