چاہت فتح نے اداکاری اور گلوکاری کی تربیت کیلئے اکیڈمی کھول لی

لندن: پاکستان سے تعلق رکھنے والے چاہت فتح علی خان جو اپنی گلوکاری کی وجہ سے خاص شہرہ رکھتے ہیں، انہوں نے میوزک اور اداکاری کی تربیت دینے کے لیے اکیڈمی کا آغاز کردیا۔
برطانیہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چاہت فتح علی نے بتایا کہ پہلے میوزک کی اکیڈمی کھولی تھی، اب اُسی جگہ پر اداکاری کی کلاسز بھی دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کھولنے کا بنیادی مقصد نئے فنکاروں کو آگے لے کر آنا اور موقع دینا ہے، مجھے شروع سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا شوق تھا مگر 10 سال پہلے احساس ہوا کہ میں اسی انڈسٹری کا آدمی ہوں اور مجھے اپنی محنت لگن دعاؤں پر بھروسہ تھا اور یہی میری کامیابی کی وجہ بھی ہے، جس کی وجہ سے مقام حاصل کروں گا۔
چاہت فتح علی خان نے کہا کہ اکیڈمی آنے والوں کا سب سے پہلے لب و لہجہ ٹھیک کروایا جائے گا اور انہیں اردو، انگریزی، پنجابی سکھائی جائے گی کیونکہ اداکاری کے لیے ان تین زبانوں پر عبور حاصل کرنا ضروری ہے۔
چاہت فتح نے کہا کہ مجھے نظر آرہا ہے کہ مستقبل میں تمام بڑے فلم ساز مجھ سے خود رابطہ کریں گے کیونکہ میں اپنی اکیڈمی کے سنگرز، اداکاروں کی سوشل میڈیا پر خود ہی پذیرائی کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم گلوکار کیوں مجھ سے تحفظات کا شکار ہیں جبکہ میں تو بس محنت پر یقین رکھتا ہوں اور دس سال سے یہی کررہا ہوں۔
چاہت فتح علی خان نے انکشاف کیا کہ میں نے دو سال پہلے ایک فلم کی تھی جبکہ ایک بڑی اسکرین والی فلم (دی ڈارلنگ) اسی سال کے آخر میں آئے گی جسے پاکستان کے 50 سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔