عید قرباں، ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کھل گئی!
کراچی: سپرہائی وے پر قائم ہونے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی ملک بھر سے آنے والے تمام بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے کھول دی گئی۔
کوئٹہ، سرگودھا، سبی، رحیم یارخان، شیخوپورہ، نوشہروفیروز اور کراچی سے فروخت کے لیے لائے جانے والے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تیز ہوگیا جب کہ انتظامیہ آفس اور میڈیا سیل دو روز بعد فنکشنل کردیا جائے گا، بیوپاریوں کے لیے اسٹالوں کی بکنگ کے لیے مویشی مالکان نے رابطہ کرلیے، جلد ہی بینک چالان کے ذریعے انہیں مطلوبہ پلاٹ الاٹ کردیے جائیں گے۔
ٹرکوں میں لدے قربانی کے جانوروں کا مارشیلنگ ایریا سے داخلہ ہوگا، جہاں فی جانور گائے کی فیس 1800 اور فی بکرا 1100 روپے ادائیگی کے بعد اسے اندر آنے کی اجازت ہوگی۔
ترجمان کے مطابق مویشی منڈی میں اس وقت تک سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں شیخوپورہ، سرگودھا، رحیم یارخان، لاڑکانہ اور کراچی سے 200 سے زائد مویشی لائے جاچکے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے بیوپاریوں اور جانوروں کے لیے چارہ، پانی اور 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے، روزانہ کی بنیاد پر ہربلاکس میں اسپرے اور فیومیگیشن کا بھی اہتمام ہوگا، تاکہ قربانی کے جانوروں کو کسی بھی قسم کی بیماری سے بچایا جاسکے۔
ترجمان مویشی منڈی یاوررضا چاولہ نے شہریوں اور بیوپاریوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا ایس اوپیز کے تحت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، منڈی آنے والے ہرشخص کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ 900 ایکڑز پر پھیلی یہ روایتی مویشی منڈی الحمدللہ اب عالمی توجہ کا مرکز بن چکی اور اسے پاکستان میں گلہ بانی اور اس کے کاروبار کے حوالے سے چہرہ قرار دیا جانے لگا ہے۔ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی رانا عمران اور ترجمان یاور رضا چاولہ نے کہا کہ ماضی کے ناخوش گوار واقعات کے پیش نظر اس سال ان واقعات سے نمٹنے کے لیے بہتر حکمت عملی تیار کی گئی ہے، تاکہ خراب موسم میں بھی مویشی منڈی کی ساکھ پر حرف نہ آنے پائے۔