جھوٹی خبریں پھیلانے پر بھارتی صحافی ارناب گوسوامی کیخلاف مقدمہ درج

بنگلورو: جھوٹی خبروں کے شہنشاہ ارناب گوسوامی مشکل میں پھنس گئے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کے دوران جھوٹی خبریں پھیلانے کے الزام میں بھارتی صحافی ارناب گوسوامی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ارناب گوسوامی کے علاوہ حکمراں جماعت بی جے پی کے شعبہ آئی ٹی کے سربراہ امیت مالویہ پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ارناب گوسوامی اور امیت مالویہ پر جھوٹی معلومات پھیلانے کا مقدمہ انڈین یوتھ کانگریس نے درج کرایا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ مالویہ اور گوسوامی نے دانستہ طور پر جھوٹی معلومات پھیلانے کی مجرمانہ منصوبہ بندی کی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی میں بھارتی صحافی ارباب گوسوامی بی جے پی حکومت کا جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف رہے اور غلط خبریں پھیلا کر ناصرف بھارتی عوام کو گمراہ کرتے رہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مذاق بنتے رہے۔