افغان انٹیلی جنس دفتر کے قریب کار بم دھماکا، 11 ہلاک متعدد زخمی!

ایبک: افغان انٹیلی جنس کے دفتر کے قریب کار بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز شمالی افغانستان کے صوبہ سمنگان کے دارالحکومت ایبک میں پیش آیا۔ جائے وقوع افغانستان کے مرکزی خفیہ ادارے این ڈی ایس (نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی) کے دفتر کے قریب ہے۔
گورنر صوبہ سمنگان کے ترجمان محمد صادق عزیزی نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ حملہ تھا جس کا آغاز کار بم دھماکے سے ہوا اور اس کا اختتام اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کی فائرنگ کے تبادلے میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔
صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹر خلیل مصدق نے کہا ہے کہ حملے میں 11 افراد ہلاک ہوئے جن میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ 43 افراد زخمی ہوئے جن میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں موجودہ ہمارے فعال گروپ نے یہ حملہ کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔