کیا کوئی دوسرا آپ کے واٹس ایپ میسیجز ڈیلیٹ کرسکتا ہے؟
کیلیفورنیا: مقبول ترین موبائل ایپ واٹس ایپ ایک نیا فیچر جاری کرنے جارہا ہے، جس کے بعد دوسرے صارفین کو آپ کے پیغام حذف کرنے کا اختیار حاصل ہوجائے گا۔
اس نئے فیچر کے بعد اگر آپ نے کسی چیٹ سے اپنا میسج ڈیلیٹ نہیں کیا ہو تب بھی اسے ڈیلیٹ کیا جاسکے گا۔ یہ فیچر ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ فیچر کے ساتھ ہی جڑا ہوگا۔
عام طور پر یہ فیچر آپ کو وہ میسج حذف کرنے میں مدد دیتا ہے جو آپ نے بھیجا ہوتا ہے اور اس کے متعلق آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ آپ کچھ غلط کہہ گئے ہیں۔
لیکن اب واٹس ایپ نے اس فیچر کا ایک نیا ورژن بنایا ہے جو گروپ ایڈمنز کو یہ اختیار دے گا کہ وہ گفتگو میں کسی بھی نئے میسج کو حذف کر سکیں گے۔
اس فیچر کی نشان دہی WABetaInfo پر موجود ٹیک محققین نے کی۔ یہ محققین واٹس ایپ میں رُونما ہونے والی نئی تبدیلیوں کو تلاش کرنے کے لیے ’بِیٹا ٹیسٹ‘ ورژن کی چھان بین کرتے رہتے ہیں۔
اگر آپ کسی گروپ کے ایڈمن ہیں تو نئے میسج کو دبا کر رکھیں اور پھر سب کے لیے ڈیلیٹ کرنے کے آپشن کا انتخاب کرلیں۔ اس طرح گروپ چیٹ سے پیغام حذف ہوجائے گا۔
اس کے آثار کے طور پر اس جگہ ’Message was deleted‘ یہ لکھا آئے گا۔
کمپنی کی جانب سے یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے واٹس ایپ بِیٹا کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ البتہ، اس کے باقاعدہ اجراء پر کچھ دن، ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں۔