کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی
اسلام آباد: مرکزی کابینہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی گئی اور اس مقصد کے لیے 15 کروڑ ڈالر مختص کردیے گئے۔
وفاقی کابینہ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی مدت ملازمت میں توسیع اور نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی بھی منظوری دے دی۔
کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈ ہینڈ شیک دینے سمیت مختلف اداروں کی نج کاری کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ایم کیو ایم نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نج کاری کی مخالفت کی۔
وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن ایک منافع بخش ادارہ ہے جو حکومت کے منشور کے مطابق لوگوں کو سہولت فراہم کررہا ہے۔
کابینہ کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، راوی اربن ڈیولپمنٹ اور بنڈل آئی لینڈ پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق توہین رسالت کے معاملے پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا معاملہ زیر غور آیا لیکن اس پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔