براڈشیٹ کمیشن رپورٹ، حکومت کا نامزد افراد کیخلاف کارروائی کا اعلان
اسلام آباد: براڈشیٹ کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ میں نامزد افراد کے خلاف حکومت نے کارروائی کا اعلان کردیا۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ براڈشیٹ کمیشن کی رپورٹ آج کابینہ میں پیش کی گئی، براڈشیٹ معاملے پر 5 افراد کے خلاف کریمنل کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جن میں احمر بلال، حسن ثاقب، غلام رسول، عبدالباسط، شاہد علی بیگ شامل ہیں، طارق فواد نے براڈشیٹ کا معاملہ شروع کرایا، ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ براڈشیٹ کمیشن نے بتایا 2011 سے 2017 تک نیب کا دور تاریک تھا، تجویز دی گئی قمرالزمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام کی مجرمانہ غفلت کا تعین جائے گا، نیب کہتا تھا کہ ان کے پاس آصف زرداری سے متعلق سوئس ریکارڈ موجود نہیں لیکن براڈشیٹ کمیشن کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سوئس ریکارڈ ڈسکور کیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نیب کے پاس اب براڈ شیٹ کمیشن کی وجہ سے سوئس ریکارڈ موجود ہے، قانونی ٹیم آصف زرداری کے خلاف سوئس ریکارڈ پر دوبارہ مقدمے پر کام کررہی ہے، آصف زرداری کے خلاف سوئس اکاؤنٹس کیس دوبارہ کھولا جاسکتا ہے، جسٹس (ر)عظمت سعید نے سوئس اکاؤنٹس کا اوریجنل ریکارڈ ریکور کرلیا ہے۔