برطانوی وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کی دھمکی کیوں ملی؟
لندن: کرسمس پرلاک ڈاؤن لگانے کی صورت میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے اپنے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی دھمکی دے دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں اومیکرون کیسز کی تعداد میں اضافے کے باعث وزیراعظم بورس جانسن کرسمس پر مکمل لاک ڈاؤن لگانے پر غور کررہے ہیں۔ ممکنہ لاک ڈاؤن کے خلاف کابینہ کے وزیر اور ارکان پارلیمنٹ میدان میں آگئے۔
برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعظم بورس جانسن نے کرسمس پر لاک ڈاؤن لگایا تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے جب کہ دوسری طرف بورس جانسن کے ایک وزیر نے لاک ڈاؤن کی صورت مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
برطانیہ میں اومیکرون کیسز کی تعداد 50 فیصد اضافے کے ساتھ 37000 تک پہنچ گئی۔ برطانیہ کے وزیر صحت ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ کرسمس پر لاک ڈاؤن لگانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔