کیا عامر خان پاکستانی سیاست میں وارد ہوں گے؟
لندن: باکسر عامر خان نے پاکستانی سیاست میں قدم رکھنے کا اشارہ دے دیا۔
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان ناصرف ایک باصلاحیت باکسر ہیں بلکہ وہ سماجی خدمت میں بھی پیچھے نہیں رہتے۔
عامر خان نے گزشتہ روز اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں متعدد بار پاکستان کی سیاست میں آنے کی پیشکش کی گئی اور وہ خود بھی ملک کی خدمت کرنا اعزاز سمجھتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں پاکستان کو ایک بہتر جگہ بنانے اور بہت سے علاقوں کی بڑے پیمانے پر مدد کرنا پسند کروں گا، ہم سب کو ایک نہ ایک دن دنیا سے جانا ہے، کیوں نہ ہم اس دنیا کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں‘۔
باکسر عامر خان نے لکھا کہ ’میں پاکستان کے دورے کے دوران متعدد سیاست دانوں اور فوجیوں سے ملتا رہا ہوں، میرا دل صاف ہے اور میں پاکستان کے لیے کچھ اچھا کرنا چاہتا ہوں، دیکھیں حالات کیا رُخ اختیار کرتے ہیں‘۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’میرے ایک ساتھی باکسر مانی پاکیاؤ بھی سیاست میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں‘۔
عامر خان نے بتایا کہ ’جیسے مانی پاکیاؤ سیاست میں آکر فلپائن میں بہت اچھا کام کررہے ہیں، میں اسی طرح پاکستان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں‘۔
آخر میں انہوں نے لکھا کہ ہوسکتا ہے کہ میں ایک روز سیاست میں آنے پر غور کروں۔
عامر خان نے سیاست میں آنے کے حوالے سے اپنے چاہنے والوں سے رائے بھی طلب کی ہے۔