افغانستان: ہلمند کی مویشی منڈی میں دھماکے،23 ہلاک، متعدد زخمی
کابل: افغانستان کے صوبے ہلمند کے ایک مصروف بازار میں کار بم دھماکے اور مارٹر شیل حملے کے باعث بچوں سمیت 23 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، طالبان اور افغان ملٹری نے حملوں کی ذمے داری ایک دوسرے پر ڈال دی۔
افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں واقع علاقے سنگین کے مصروف میلہ بازار (مویشی منڈی) میں پیر کی صبح ساڑھے نو بجے دھماکا ہوا جب کہ ایک مارٹر شیل بھی فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 23 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ہلمند کے گورنر محمد یاسین نے اپنے بیان میں واقعے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے میڈیا کو واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی کسی کو واقعہ کا ذمے دار قرار دیا ۔ضلع سنگین میں ہونے والے اس حملے کی ذمے داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی بلکہ طالبان اور افغان فوج ایک دوسرے پر اس کی ذمے داری ڈال رہے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق واقعے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی جاسکی، متاثرہ علاقہ طالبان کے زیر اثر ہے۔
طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے حملے میں طالبان کے ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے ذمے داری افغان آرمی پر عائد کی اور کہا کہ افغان آرمی نے بازار پر مارٹر شیل فائر کیا۔ دوسری جانب افغان فوج نے کہا کہ کار بم دھماکے اور مارٹر شیل فائر کرکے جنگجوؤں نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔
افغان فوج نے مزید کہا کہ پیر کو اس علاقے میں فوج نے کوئی کارروائی نہیں کی جب کہ دو طالبان جنگجو اس وقت ہلاک ہوئے جب کہ بازار میں کار کے اندر بم نصب کررہے تھے۔