بلیک میل ہونے والا نہیں، اگلا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے آئندہ ڈھائی سال کو کارکردگی کے سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگلا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے۔
حکومتی اتحادیوں کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن بلیک میل کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے، میں بلیک میل ہونے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے ذاتی مفاد کی شرائط پر ڈائیلاگ بے معنی ہوں گے، اگر نیب کیسز میں رعایت ہی دینی ہے تو ڈائیلاگ کا کیا فائدہ؟
اتحادیوں کے اعزاز میں وزیراعظم کے ظہرانے میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات پر اتفاق بھی کیا گیا اور وزیراعظم نے کہا کہ اتحادیوں کے تحفظات سن لیے ہیں، جلد عمل درآمد ہوتا نظر آئے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کو تمام تحفظات دور کرنے اور وعدے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم تمام لوگ پاکستان کو بہتر بنانے کے لیے یکجا ہیں۔ اپوزیشن ملک کو نقصان پہنچانے پرتُلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مستقل بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔