شان رسالت میں گستاخی کا مرتکب بی جے پی رہنما گرفتار
حیدرآباد: خاتم النبیین محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ تبصرہ کرنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ٹی راجا سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے انتہاپسند رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ کو منگل کو نبی کریمؐ کی شان میں گستاخانہ تبصرے پر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ٹی راجا سنگھ کے خلاف مذہبی عقائد کی توہین سے متعلق مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بی جے پی رہنما کی جانب سے توہین آمیز تبصرے پر مبنی وڈیو وائرل ہونے پر حیدرآباد دکن (بھارت) سمیت مختلف علاقوں اور پولیس اسٹیشنز کے باہر احتجاج شروع ہوگیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹی راجا سنگھ نے نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
احتجاج کرنے والے مسلمانوں کی جانب سے گستاخ رکن اسمبلی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جارہا تھا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹی راجا سنگھ کو گرفتار کرلیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بی جے پی کی ترجمان نوپورشرما بھی نبی کریمؐ کی شان میں گستاخانہ بیان کی مرتب ہوچکی جب کہ بھارتی حکومت اور سپریم کورٹ کی جانب سے نام نہاد کارروائی میں نوپور شرما کو معافی مانگنے کا کہہ کر کئی مواقع پر ریلیف بھی دیا گیا۔