بلاول کا مریم سے رابطہ، کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی مذمت!
کراچی: چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے رابطہ کیا ہے اور کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔
بلاول ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر بات ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا ہے، وہ اس تکلیف دہ گھڑی میں آپ کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، یوں اس طرح کی گرفتاری سندھ کی روایات کے بھی منافی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کو گرفتاری کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا، انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہوں۔