نیب کالا قانون، اس کو بند ہونا چاہیے، بلاول بھٹو
لاہور: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھا ہے تو استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھی کہہ رہی ہے کہ پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے، چینی، آٹے اور پٹرول سمیت ہر چیز میں کرپشن کی گئی جب کہ مالم جبہ اور بی آر ٹی میں کرپشن پر جواب دینے کو کوئی تیار نہیں بلکہ کرپشن کے سوال پر دھمکی دی جاتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب نے سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھا ہے تو استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں، نیب کے غیر آئینی و غیر جمہوری ادارے کو تالا لگادیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب کا کوئی جواز نہیں بنتا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب کے سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، نیب کالا قانون ہے اس کوبند ہونا چاہیے، نیب کو صرف اپوزیشن کے خلاف اور سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، نیب کو ختم کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو شہید کہا گیا، اس پر سوال اٹھایا تو اس پر بھی کوئی جواب نہیں آیا، احسان اللہ احسان کو جب چھوڑا گیا، اس پر قومی اسمبلی میں سوال اٹھایا گیا، تاہم کوئی جواب نہیں آیا، احسان اللہ احسان نے دھمکی دی تو کسی حکومت کے نمائندے نے مذمت نہیں کی، احسان اللہ احسان کس کے پاس تھا اور کیسے فرار ہوا، احسان اللہ احسان عام قیدی نہیں تھا بلکہ اے پی ایس حملے میں ملوث تھا۔