بلاول سیاسی محاذ پر سرگرم، اختر مینگل سے ٹیلی فونک رابطہ!
اسلام آباد: بلاول سیاسی محاذ پر سرگرم ہوگئے، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو ٹیلیفون کیا اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان بجٹ پر مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔ پی پی چیئرمین اور بی این پی مینگل کے سربراہ کے درمیان 18ویں آئینی ترمیم پر حملوں کا معاملہ بھی زیربحث آیا جب کہ این ایف سی ایوارڈ سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران بلاول بھٹو اور سردار اختر مینگل نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا اور اگلے ہفتے اے پی سی بلانے سے متعلق بھی مشاورت کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ عوام دشمن ہے، کسی صورت نہیں مان سکتے، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج کورونا ہرجگہ پھیل چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 18ویں آئینی ترمیم پرتنقید کرکے عمران خان دستورِ پاکستان پر حملے کررہے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم کو اپنی نااہلی کا عوام کو حساب دینا ہوگا۔