مردم شماری کیخلاف متحدہ کا بڑا قدم، اراکین اسمبلی نے پارٹی کو استعفے جمع کرادیے
کراچی: ایم کیوایم پاکستان نے مردم شماری کے خلاف بڑا قدم اُٹھالیا، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے ایک اجلاس میں اپنے 7 اراکین قومی اسمبلی سے استعفے لے لیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مردم شماری کے غیر حتمی نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان نے مردم شماری کے نتائج تسلیم نہ کرنے اور احتجاج کا ہر ممکن آپشن استعمال کرنے پرغور کیا۔
ذرائع کے مطابق اراکین رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت سے سخت احتجاج کا مشورہ دیا جب کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹرینز سے بھی مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایم کیو ایم اراکین مردم شماری کے حوالے سے وزیراعظم اور وفاقی وزراء سے ہوئی ملاقاتوں اور نتائج سے مطمئن نہیں ہیں۔
ایم کیو ایم ذرائع نے دعویٰ کیا کہ موجودہ مردم شماری میں 25 لاکھ گھرانوں کو گنا نہیں گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء سمیت اراکین رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے۔