آبی سفر میں بڑی پیش رفت، پانی پر اُڑنے والی کشتی کا ڈیزائن تیار
میلان: آبی سفر کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، مختلف ممالک کے تین اداروں نے مشترکہ طور پر ایک ایسی جدید بادبانی کشتی ڈیزائن کرلی ہے، جو پانی پر قریباً اُڑتے ہوئے، تیز رفتاری سے آگے بڑھ سکے گی۔
یہ کشتی جسے ’’پرسیکو ایف 70 ہائپربوٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے، پرسیکو میرین، کارکیک ڈیزائن پارٹنرز اور پینن فارینا ناٹیکا کے اشتراک سے ڈیزائن کی گئی ہے، جس کی لمبائی 70 فٹ ہوگی۔
یہ تفریحی مقاصد کے علاوہ بادبانی کشتیوں کی ریس میں بھی استعمال ہوسکے گی۔ اس پر لمبے بادبان نصب ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔
کشتی کو ہر ممکن حد تک کم وزن اور مضبوط بنانے کے لیے اس میں کاربن کمپوزٹ کہلانے والے مادّے کا بھرپور استعمال کیا گیا ہے۔
بادبان (فوائلز) کھولے جانے پر یہ صرف 10 ناٹ (18.5 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے چلنے والی ہوا پر ’’فل فلائٹ موڈ‘‘ میں آجائے گی۔
یہ تو معلوم نہیں کہ اس مرحلے پر کشتی کی رفتار کیا ہوگی، لیکن کمپنی پریس ریلیز میں اتنا ضرور بتایا گیا ہے کہ فل فلائٹ موڈ میں اس ’’ہائپربوٹ‘‘ کا بہت معمولی حصہ پانی کو چھورہا ہوگا، یعنی یہ پانی پر اُڑتی ہوئی محسوس ہوگی۔
لمبائی کے مقابلے میں اس کی چوڑائی خاصی کم ہے، لیکن پھر بھی اس کا اندرونی حصہ بہت کشادہ اور آرام دہ ہے جہاں عملے کے افراد آرام سے رہ سکیں گے۔
پرسیکو ایف 70 ہائپربوٹ میں بجلی سے چلنے والا انجن بھی نصب ہوگا لیکن وہ صرف شدید ضرورت پڑنے پر ہی استعمال کیا جائے گا۔
یہ کہنا زیادہ بہتر رہے گا کہ اکیسویں صدی کی اس بادبانی کشتی میں ڈیزائن کی خوبصورتی، ساخت کی پائیداری اور آب حرکیات (ہائیڈرو ڈائنامکس) کے قوانین بیک وقت سمو دیے گئے ہیں۔