جوبائیڈن کے پاؤں میں فریکچر، ٹرمپ کی نیک خواہشات!
واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کے دائیں پاؤں میں بال برابر فریکچر آگیا ہے، جس کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں کچھ ہفتوں تک واکنگ بوٹ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
جوبائیڈن آفس کے مطابق امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن ہفتے کو انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے باعث گزشتہ روز انہوں نے نیویارک میں آرتھوپیڈک ماہرین سے معائنے کے لیے ملاقات کی۔
ڈاکٹر کیون اوکارن نے سی ٹی اسکین کے ذریعے جوبائیڈن کے پاؤں میں فریکچر کی تصدیق کی اور ان کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن کو کچھ ہفتوں تک واکنگ بوٹ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کے پاؤں میں فریکچر معمولی نوعیت کا ہے اور اس حوالے سے پریشانی کی کوئی بات نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن اپنے پالتو کتے کے ساتھ کھیلتے ہوئے پھسل گئے تھے اور ان کا ٹخنہ مڑ گیا تھا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔