بھارت میں موسلادھار بارشوں سے تباہی، 14 ہلاک
حیدرآباد دکن: بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں موسلا دھار بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 14 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تلنگانہ اور اتر پردیش کے علاقوں میں تیز بارشوں نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے، سب سے زیادہ نقصان حیدرآباد میں ہوا جہاں مختلف واقعات میں 14 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ بعض لاشوں کے پانی میں بہہ جانے یا ملبے تلے دبے ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بارش کی وجہ سے تلنگانہ کے کم از کم 14 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور سڑکوں پر گاڑیاں تیرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ حیدرآباد میں بھی ایک کچی آبادی میں کئی گھر منہدم ہوگئے، ایک گھر کے ملبے میں دب کر بچی سمیت 9 افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں 2019 میں بھی بارشوں کی وجہ سے 2 ہزار 155 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ بارش اور سیلاب کی وجہ سے 22 ریاستوں میں 26 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے تھے۔