بھارت میں چین کے خلاف دم خم نہیں، وزیر خارجہ
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں چین کے خلاف دم خم نہیں اور وہ پہلے بھی اپنے فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی رواداری کی جھوٹی دعوے دار بھارت سرکار نے ظلم و ستم کی انتہا کردی، پہلے تو عزاداری کے جلوسوں کو نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی بعدازاں ان جلوسوں کے شرکاء کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گرفتاریاں کی گئیں۔
اُنہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہم نے دیکھا کہ مساجد کو تالے لگوا دیے گئے اور اب محرم الحرام میں ظلم و تشدد کا وہ منظر پیش کیا گیا جس کی مثال نہیں ملتی، پوری امت مسلمہ میں اس بھارتی رویے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ میری 21 اگست کو دورہ چین کے دوران چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ملاقات ہوئی، انہوں نے مجھے لداخ کی صورت حال، بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور چین کے دفاعی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، چین کو اپنے نقطہ نظر اور فورسز پر اعتماد ہے، بھارت کے دعوؤں میں کوئی دم خم نہیں، بھارت نے پہلے بھی چین کے ساتھ پنجہ آزمائی کی اور اپنے فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگے۔