بشارالاسد کی اہلیہ جان لیوا بیماری میں مبتلا، بچنے کے امکانات 50 فیصد
ماسکو: شام کے معزول صدر بشارالاسد کی اہلیہ اسماالاسد کے خون کے خطرناک کینسر لیوکیمیا میں مبتلا ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، اس بیماری سے ان کے بچنے کے امکانات 50 فیصد بتائے جارہے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق لیوکیمیا کینسر کی وہ قسم ہے جو بون میرو میں شروع ہوکر غیر معمولی سفید خون کے خلیات کی ضرورت سے زیادہ شرح پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے، یہ مرض متاثرہ فرد کے جسم کے خون بنانے والے اعضا مثلاً بون میرو اور لمفیٹک نظام کو متاثر کرتا ہے۔
دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق بشارالاسد کی اہلیہ اسماالاسد کینسر کی قسم لیوکیمیا میں مبتلا ہیں، اس مرض میں مبتلا مریض کے موت سے بچ جانے کے چانسز 50 فیصد ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرض کی تشخیص کے بعد انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کیلئے اسماء الاسد کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسما الاسد اس سے قبل 2019 میں بھی چھاتی کے سرطان سے لڑ چکی ہیں تاہم ایک سال کے علاج کے بعد اسما الاسد نے خود کو کینسر فری قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ لندن سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر کی بیٹی اسما الاسد نے صدر بشار الاسد سے 2000 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کی 3 اولادیں ہیں۔
بشارالاسد کی اہلیہ نے ڈکٹیٹر شوہر کے دور حکومت میں عیش وعشرت بھری زندگی گزاری، اسماالاسد نے اپنے شوہر کے دور حکومت میں گھریلو اشیاء اور کپڑوں پر کروڑوں ڈالر اڑائے۔
اس قسم کی بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ معزول شامی صدر بشارالاسد کی اہلیہ اسماالاسد نے شوہر سے علیحدگی کے لیے روسی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے تاہم روسی حکام نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے۔