فیض حمید کو کیا سزا دی جاتی ہے، پی ٹی آئی کا اس سے کوئی تعلق نہیں، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ فیض حمید کا کورٹ مارشل فوج کا اندرونی معاملہ ہے، اسے سیاسی نہ بنایا جائے۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ تمام سیاسی مسائل کا مستقل سیاسی حل ڈھونڈنا بھی لازم ہے، ہمیں امید ہے کہ بات آگے بڑھے گی اور کوئی حل نکلے گا۔
ان سے سوال کیا گیا کہ جنرل (ر) فیض سے لاتعلقی کی وجہ کیا ہے؟ اس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جنرل فیض ایک اہم عہدے پر رہے اور ان سے ایک پروفیشنل واسطہ ضرور تھا، تاہم ان پر آرمی ایکٹ لاگو ہے، اس کے مطابق انہیں کیا سزا دی جاتی ہے کیوں دی جاتی ہے اس سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ ہمیں مذاکرات کے ذریعے راستہ فراہم کرے، 9 مئی کی دھول اب بیٹھنی چاہیے، بیرسٹر گوہر
انہوں نے مزید واضح کیا کہ میں کہوں گا کہ فیض حمید کی گرفتاری و کورٹ مارشل کے معاملے کو سیاسی نہ بنایا جائے یہ فوج کا اندرونی احتساب ہے جو وہ کررہی ہے۔