یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی ختم
اسلام آباد: وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ سے ممکن ہوئی۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ یہ کامیابی بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے معیارات کے مطابق حفاظتی نگرانی یقینی بنانے سے ممکن ہوئی۔
وزیر دفاع و ہوابازی نے کہا کہ پی آئی اے پر پابندی کے خاتمے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بہت محنت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی دیگر پروازوں سے ریٹنگ بہتر ہوئی ہے، پابندی ہٹنے سے پی آئی اے کی نج کاری کے عمل میں فائدہ ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے اور ایوی ایشن انڈسٹری تباہی کے دہانے پر آگئی تھی، پی آئی اے کا آپریشن جلد بحال ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے برطانیہ اور دیگر ممالک سے بھی پابندی ہٹ جائے گی۔
خیال رہے کہ یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے میں پائلٹس کے جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے پر 30 جون 2020 کو پی آئی اے کی یورپی ممالک کے لیے پروازوں کو معطل کیا تھا، تاہم حکومتی کاوشوں سے پابندی کو عارضی معطل کرتے ہوئے پی آئی اے کو 3 جولائی 2020 تک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔