بابراعظم کے عالمی ریکارڈ کو خطرہ!
لاہور: مایہ ناز بلے باز اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی 26 اننگز میں 1000 رنز کا سنگ میل عبور کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ اپنے نام کے آگے درج کرایا تھا، تاہم اب یہ ریکارڈ خطرے میں ہے اور ڈیوڈ میلان کے پاس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انگلش بیٹسمین ڈیوڈ میلان ٹی ٹوئنٹی کی صرف 19 اننگز میں 855 رنز اسکور کرچکے اور جمعہ کو شروع ہونے والی بھارت کے خلاف سیریز میں مزید 145 رنز بناکر بابراعظم کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ویرات کوہلی کو اس ریکارڈ سے محروم کیا تھا، انہوں نے 27 اننگز میں 1000 رنز مکمل کیے تھے۔