بزرگ کشمیری رہنما کی رحلت پر آزاد کشمیر میں چھٹی اور سوگ کا اعلان
مظفرآباد: آزاد کشمیر حکومت نے سید علی گیلانی کی وفات پر ایک روزہ چھٹی اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے حریت رہنما کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات کا سن کر دل رنجیدہ اور آنکھیں اشکبار ہیں، وفات سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے بھی سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی رحلت کا سن کر دل رنجیدہ ہوگیا، سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں تھے، حریت رہنما نے بھارتی ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کیا۔