آزاد کشمیر: پی ٹی آئی کے انوارالحق اسپیکر، ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب
مظفر آباد: آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف کے انوار الحق اسپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں، ان کے مقابلے میں فیصل راٹھور اور نثاراں عباسی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ٹی آئی کے انوار الحق 32 ووٹ لے کر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے جب کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے متفقہ امیدوار فیصل ممتاز نے پندرہ ووٹ لیے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی چوہدری ریاض گجر کو ڈپٹی اسپیکر اسمبلی منتخب کرلیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیے ریاض گجر کو 32 ووٹ ملے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی نثاراں عباسی نے 15 ووٹ حاصل کیے۔
خیال رہے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی نشستوں کی مجموعی تعداد 32 ہے۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تینوں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہوئے۔ ٹیکنوکریٹ، علما، مشائخ اور سمندر پار کشمیریوں کی مخصوص نشستوں کے لیے ہونے والے انتخاب میں تحریکِ انصاف کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
علما و مشائخ کی نشست پر پی ٹی آئی کے پیر محمد مظہر سعید، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر رفیق نیر اور سمندر پار کشمیریوں کی نشست پر محمد اقبال کامیاب ہوئے۔