خاتون سے بدتمیزی پرعاطف اسلم میوزک کنسرٹ چھوڑ کرچلے گئے
سوشل میڈیا پر متعدد ایسی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، جن میں معروف گلوکار عاطف اسلم کو دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والا ایک میوزک کنسرٹ ادھورا چھوڑ کر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عاطف اسلم کے میوزک کنسرٹ میں شامل کچھ لوگ شور شرابا کرکے کنسرٹ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کنسرٹ میں شریک افراد خالی بوتلیں اسٹیج پر پھینک رہے ہیں جب کہ لوگوں کو مجمع میں بھی دھکم پیل کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کنسرٹ منتظمین لوگوں کو بار بار فاصلہ اختیار کرنے اور دھکم پیل و شور شرابہ بند کرنے کی ہدایات کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں، تاہم اس کے باوجود بعض لوگ اپنی حرکتوں سے بعض نہیں آتے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عاطف اسلم کو بھی لوگوں کو شور شرابہ ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود کوئی بھی خاموشی اختیار نہیں کرتا۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکی اسٹیج پر روتی ہوئی عاطف اسلم کے پاس آتی ہیں اور انہیں کوئی شکایت کرتی ہیں، جس کے بعد گلوکار مذکورہ خاتون کے ہمراہ اسٹیج چھوڑ کر چلتے دکھائی دیتے ہیں۔
Someone misbehaved with a girl from crowd and she came to Atif Aslam and he left the concert ❤️. Respect?#AtifAslam #TastePlus pic.twitter.com/IioJyOGoJC
— Bengali Fan Of Atif Aslam (@EmonAadeez) December 12, 2021
عاطف اسلم کی جانب سے اسٹیج چھوڑ کر جانے پر منتظمین کہتے سنائی دیتے ہیں کہ دھکم پیل اور لوگوں کی حرکتوں کی وجہ سے میوزک کنسرٹ کو ختم کرنا پڑ رہا ہے۔
عاطف اسلم کے کنسرٹ کی وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق مذکورہ شو اسلام آباد میں ہو رہا تھا، جس میں راولپنڈی سمیت دیگر شہروں سے بھی لوگ آئے تھے۔
میوزک کنسرٹ میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر عاطف اسلم کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرنے لگا جب کہ متعدد لوگوں نے ٹوئٹس اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کنسرٹ میں موجود لوگوں کی جانب سے بدتمیزی کی شکایتیں بھی کیں۔