پارک لین ریفرنس،6 جولائی کو زرداری پر فرد جرم عائد کی جائے گی

پارک لین ریفرنس میں احتساب عدالت نے 6 جولائی کو آصف علی زرداری پر ہر صورت فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
احتساب عدالت نے کہا کہ اگلے ہفتے 6 جولائی کو سابق صدر زرداری پر پارک لین ریفرنس میں فردِ جرم عائد کی جائے گی، ان کی طبیعت خراب ہونے کی صورت میں ان کے گھر یا ہسپتال سے ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کراچی کو انتظامات مکمل کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔ خط میں آصف علی زرداری کی خراب صحت ہونے پران کے گھر یا ہسپتال میں ان کی حاضری یقینی بنانے اور تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ خط میں یہ بھی تحریر ہے کہ 6 جولائی کو کراچی میں موجود ملزمان کی ویڈیو لنک پر حاضری یقینی بنائی جائے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ ملزم خواجہ انور مجید، فاروق عبداللہ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کے لیے نیب کراچی میں ویڈیو لنک کے انتظامات کیے جائیں۔ ملزمان کی شناخت کے لیے نیب کو عدالتی معاونت کی خاطر اپنے نمائندے مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
احتساب عدالت نے بتایا کہ 6 جولائی کو صبح ساڑھے 9 بجے ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
پچھلی سماعت میں جعلی اکاؤنٹس کے پارک لین ریفرنس میں فردِ جرم کی کارروائی آصف علی زرداری کی عدم پیشی پر مؤخر کردی گئی تھی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فردِ جرم ویڈیو لنک پر عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی کورونا کے بعد حالات معمول پر آنے تک التوا کی استدعا بھی مسترد کردی گئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔