گرین لائن منصوبہ مکمل ہوچکا، بسیں اگلے ہفتے پہنچ جائیں گی: اسد عمر

کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے کراچی میں پانچ منصوبے جاری ہیں، گرین لائن پروجیکٹ پر کام مکمل ہوچکا، بسیں اگلے ہفتے تک پہنچ جائیں گی، کراچی سرکلر ریلوے 43 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔
وفاقی وزیرعلی زیدی کے ساتھ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ گرین لائن شہر قائد کے لیے پہلا جدید ٹرانسپورٹ کا منصوبہ ہے، گرین لائن منصوبہ مکمل ہوچکا ہے، بسیں آرہی ہیں، 22 گرین لائن بس اسٹیشن مکمل ہوگئے، کراچی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی بنایا جارہا ہے، کراچی کی بی آر ٹی کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی کے لیے مربوط نظام لارہے ہیں، محمودآباد نالے پر آپریشن 100 فیصد مکمل ہوچکا، کراچی میں 60 کلومیٹر نئی سڑکیں بنارہے ہیں، کراچی کے نالوں سے 11 لاکھ ٹن کچرا اٹھایا جائے گا، بلاول نے ٹھیک کہا تھا کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے، جب حکومت مؤثر کام کرے گی تو زیادہ پانی بھی گزر جاتا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کراچی میں 55 سے 60 کلومیٹر سڑکیں بنائی جائیں گی، کراچی سرکلر ریلوے 43 کلومیٹر پر محیط ہے، 22 اسٹیشن بنیں گے، ساڑھے 4 لاکھ سے زائد مسافر یومیہ مستفید ہوسکیں گے، وزیراعظم رواں ماہ کے سی آر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل برآمدات سے جڑا ہوا ہے، پاکستان کی 50 فیصد برآمدات کراچی سے ہورہی ہیں، حکومت میں آتے ہی وزیراعظم نے کہا بڑے کام کرنے ہیں، کابینہ کے کچھ اراکین کا کہنا تھا کراچی پر ہی اتنی توجہ کیوں دی جا رہی ہے، وزیراعظم کراچی کے سب سے بڑے چیمپئن ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویز مشرف وردی میں ہوتے ہوئے بھی مردم شماری نہ کراسکے، پہلی بار ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مردم شماری کرنے جارہے ہیں، مردم شماری میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا، آئندہ انتخابات نئی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے، آئندہ انتخابات میں عمران خان ہی وزیراعظم بنیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔