رمضان آتے ہی ڈاکٹر عامر لیاقت کی یاد اور تازہ ہوجاتی ہے، بشریٰ اقبال
کراچی: مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال یکم رمضان کو ایک ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئیں اور یادیں تازہ کیں۔
بشریٰ اقبال اداکار و میزبان فیصل قریشی کے پروگرام میں ڈاکٹر عامر لیاقت پر تیار کردہ ویڈیو پیکیج دیکھتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کی وفات کے بعد وہ کسی بھی رمضان ٹرانسمیشن میں شریک نہیں ہوئیں، تاہم کئی برس بعد آج اس پروگرام میں صرف اس لیے آئیں کیونکہ یہاں عامر لیاقت کو بانی اور پیش رو کے طور پر یاد کیا جارہا ہے۔
بشریٰ اقبال نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈاکٹر عامر لیاقت کے تعلیمی دور سے لے کر کامیابی تک ان کی ساتھی رہیں اور ان کے ساتھ بے شمار یادیں وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو پیکیج دیکھتے ہی ساری یادیں ایک بار پھر ذہن میں تازہ ہو گئیں اور خود کو سنبھالنا مشکل ہوگیا۔
بشریٰ اقبال نے کہا کہ رمضان ٹرانسمیشن کا آغاز بھی ڈاکٹر عامر لیاقت نے کیا تھا جو آج ایک کامیاب روایت بن چکا ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 2022 میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔ وہ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔
عامر لیاقت کی پہلی شادی بشریٰ اقبال سے ہوئی جن سے دو بچے ہیں اور یہ شادی طویل عرصے چلی۔ انہوں نے دوسری شادی طوبیٰ اور پھر ان سے طلاق کے بعد تیسری شادی دانیہ شاہ سے کی۔