ننھے ابراہیم کی موت پر فنکاروں میں غم و غصہ، انتظامیہ پر کڑی تنقید

کراچی: گلشن اقبال میں مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے معصوم ابراہیم کے سانحے پر ہر دل اُداس اور اُس میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شوبز شخصیات بھی ننھے ابراہیم کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں اور انتظامیہ و حکمرانوں کی نااہلی پر سوالات اٹھارہے ہیں۔
اداکار احسن خان نے ننھے ابراہیم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم آپ کو وہ حفاظت نہیں دے سکے جو ہر بچے کا بنیادی حق ہے، آپ کی معصومیت، بے بسی ہماری اجتماعی ناکامی کا نشان ہے، ابراہیم ہمیں معاف کر دینا۔
فاطمہ آفندی نے انتظامیہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ جو ای چالان سے کروڑوں روپے مل رہے ہیں کیا ان سے روڈ پر مین ہول کے ڈھکن بھی نہیں لگائے جاسکتے۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ ویڈیو دیکھی جس میں ماں اپنے بچے کے لیے رو رہی ہے، اس حادثے کا ذمے دار کون ہے؟ ناقابل تصور بے حسی۔
سجل علی نے لکھا کہ انتہائی افسوس ناک اور دل ٹوٹنے والی بات ہے، شرم آنی چاہیے اسے جو بھی اس کا ذمے دار ہے، کراچی کا ذمے دار کون؟ اس ناکام نظام کا ذمے دار کون ہے۔
سجل کا کہنا تھا کہ جو شہر لاکھوں لوگوں کا وزن اٹھاتا ہے، بدلے میں اس کی حفاظت میں کچھ بھی نہیں کیا جاتا۔
اس کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات نے بھی ننھے ابراہیم کے حادثے میں رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔