ماحولیاتی تغیر پذیری، آرنلڈ شوارزنیگر کی عمران خان سے معاونت کی اپیل!
اسلام آباد: ہالی وڈ فلموں کے سپراسٹار آرنلڈ شوارزنیگر نے وزیراعظم عمران خان سے ماحولیاتی تغیر پذیری پر معاونت کی اپیل کردی۔
عمران خان ماحولیاتی تبدیلی پر بہت زیادہ زور دیتے ہیں اور اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بلین ٹری سونامی منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر سراہا بھی گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید کا سوشل میڈیا بیان میں کہنا ہے کہ اداکار اور سابق گورنر کیلی فورنیا آرنلڈ شوارزنیگر نے ماحولیاتی تغیر پذیری پر وزیراعظم عمران خان سے معاونت کی اپیل کی ہے۔
فیصل جاوید نے بتایا کہ آرنلڈ شوارزنیگر کی اپیل پر وزیراعظم عمران خان آج ویڈیو بیان جاری کریں گے۔
فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ کلائمٹ ایکشن ہیروز آج ورلڈ سمٹ کے سلسلے میں آسٹریا میں اکٹھے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ماحولیاتی تغیر، حیاتیاتی ماحول کے بچاؤ، سبز نوکریوں کی فراہمی اور غربت کے خاتمے سے متعلق اپنے وژن پر روشنی ڈالیں گے۔
فیصل جاوید نے بتایا کہ آرنلڈ شوارزنیگر آلودگی اور ماحولیاتی تغیر پذیری کے خلاف قریباً 2 عشروں سے برسرِپیکار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آرنلڈ ماحولیاتی تغیر کے خلاف وزیراعظم عمران خان کے اقدامات اور عزم کے معترف ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ ہالی وڈ سپراسٹار وزیراعظم عمران خان کو کلائمٹ ایکشن ہیرو اور کلائمٹ ایکشن الائنس کا اہم حصہ سمجھتے ہیں۔