آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے لیے بحرین آرڈر کا اعزاز!
منامہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بحرین کا ایوارڈ ‘بحرین آرڈر’ عطا کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرین کا دورہ کیا جہاں بحرین کے ولی عہد، ڈپٹی سپریم کمانڈر اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حماد سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ سیکیورٹی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحرینی قیادت نے پاکستان سے خصوصی تعلقات مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بحرین کے ایوارڈ ’’بحرین آرڈر‘‘ سے بھی نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بحرین کا یہ ایوارڈ پاک بحرین دفاعی تعاون میں نمایاں خدمات پر دیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک بحرین فوجی مشق البدر کا بھی مشاہدہ کیا اور پاک بحرین مشقوں میں تربیت کے معیار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحرین مشترکہ فوجی مشقیں دہشت گردی کے خلاف عزم کا ثبوت ہیں۔