آئی فون سے بھی مہنگا ایپل ہیڈ فون!
برکلے، کیلے فورنیا: ایپل نے اپنے نئے وائرلیس ایئرپوڈز کا اعلان کردیا ہے جو درحقیقت آئی فون کے کئی ماڈلوں سے بھی مہنگا ہے۔
منگل کو ایپل نے وائرلیس ایئرپوڈ میکس کا اعلان کردیا، جس کی قیمت 549 ڈالر رکھی گئی ہے جو اس کمپنی کے کئی ٹیبلٹ اور مشہور فونز سے بھی مہنگا ہے، لیکن ایپل پُرامید ہے کہ ماہِ دسمبر کی چھٹیوں میں لوگ اسے خریدیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اچھے ہیڈ فون بھی یہ کام کرتے ہیں لیکن نیا ایئرپوڈ میکس ماڈل انتہائی جدید ہے اور شور کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بوش کمپنی کے تیارکردہ ایسے ہی ایئرپوڈ کی قیمت اس وقت 340 ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
ایپل نے اعلان کیا ہے کہ اس کے بنیادی ایئرپوڈ اور ایئرپوڈ پروماڈل بالترتیب 159 اور 249 ڈالر میں دستیاب ہیں۔ ایئرپوڈز میکس میں نوعدد مائیکرو چپ لگی ہیں اور دو عدد ایچ ون چپ بھی نصب ہیں۔ پھر آواز کو بہتر بنانے والا آڈیو پروسیسر بھی موجود ہے۔ اس میں بیرونی آواز اور شور کم کرنے والا جدید نظام بھی موجود ہے۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس سال کی آخری سہ ماہی میں آئی فون کی فروخت 3 فیصد کم ہوئی ہے لیکن دیگر آلات کی فروخت میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ شاید اسی وجہ سے ایپل نے اپنے ایئرپوڈ کو مزید جدید بنانے کا کام کیا ہے۔