انور مقصود کا تھیٹر ڈرامہ یوم آزادی پر پیش کیا جائے گا
کراچی: اپنے برجستہ جملوں کے ذریعے لوگوں کے دل موہ لینے والے مصنف انور مقصود اس بار یوم آزادی پر خوب رنگ جمائیں گے۔ مزاح نگار اور اداکار انور مقصود نے یومِ آزادی کے موقع پر تھیٹر ڈرامہ ’ساڑھے 14 اگست‘ پیش کرنے کا اعلان کردیا۔
مختلف سوشل سائٹس پر انور مقصود کے تھیٹر ڈرامے ’ساڑھے 14 اگست‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے۔
ڈرامے کے ٹیزر میں ایک فوٹوگرافر کو گاندھی جی اور قائداعظم محمد علی جناح کی ایک ساتھ تصویر لینے کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے جب کہ گاندھی اور قائدِاعظم کے درمیان دل چسپ تکرار بھی دکھائی گئی ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر تھیٹر ڈرامے ساڑھے 14 اگست کو کراچی کے آرٹس کونسل میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انور مقصود نے 2011 میں ’پونے 14 اگست‘ اور پھر ’سوا 14 اگست‘ نامی تھیٹر پیش کیا تھا، جس کا تیسرا حصہ ’ساڑھے 14 اگست‘ اب پیش کیا جائے گا۔
ساڑھے 14 اگست کی کہانی بانی پاکستان قائداعظم اور مہاتما گاندھی سے کیے گئے کسی شخص کے سوال کے گرد گھومتی ہے۔