انور مقصود نے امریکا سے شکست کی انوکھی وجہ پیش کردی
کراچی: معروف مصنف، طنز و مزاح نگار، اداکار اور میزبان انور مقصود نے ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی عبرت ناک شکست کی انوکھی وجہ پیش کردی۔
ڈیلاس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے گیارہویں میچ میں امریکا نے پاکستان کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا، اس شکست کے بعد جہاں شائقین کرکٹ غصے سے آگ بگولا ہیں تو وہیں قومی ٹیم پر مزاحیہ میمز بھی بن رہی ہیں جب کہ شوبز شخصیات بھی پاکستان کی شکست پر دلچسپ ردعمل دیتے نظر آرہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر انور مقصود کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں اُن سے پوچھا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا سے میچ ہارنے پر وہ کیا کہیں گے؟
انور مقصود نے کہا کہ پاکستان مجبوری میں امریکا سے میچ ہارا ہے، کیونکہ ہمیں آئی ایم ایف سے قرض ملنا ہے جو ابھی تک نہیں ملا۔
انور مقصود نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے سامنے شرط رکھی ہوگی کہ امریکا سے میچ ہارو، اسی صورت میں قرض ملے گا، اس کے علاوہ تو مجھے شکست کی کوئی دوسری وجہ نظر نہیں آتی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے پاک بھارت میچ کے ٹکٹ خریدے ہوئے ہیں، وہ اب آدھی قیمت میں وہی ٹکٹ فروخت کریں گے کہ لے لو بھائی۔
خیال رہے کہ پہلی بار ٹورنامنٹ میں شریک ہونے والی امریکی ٹیم نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔