اینٹی کرپشن سندھ کی حلیم عادل کو زیر حراست لینے کی تصدیق
کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو اینٹی کرپشن سندھ نے لاہور سے گرفتار کیا۔
اینٹی کرپشن نے سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ حلیم عادل کے خلاف اینٹی کرپشن جام شورو تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا جو جام شورو کے سرکل افسر ذیشان حیدر میمن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حلیم عادل کو سرکاری زمین کے جھوٹے کاغذات بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے زمین کے جھوٹے کاغذات پر بینک سے قرض لیا۔
اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق بورڈ آف ریونیو اس زمین کے کھاتے منسوخ کرچکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حلیم عادل کا راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد انہیں سندھ منتقل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو سادہ لباس اہلکار وں نے گزشتہ رات لاہور سے حراست میں لیا تھا۔