بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان
اسلام آباد: عوام کے لیے ایک اور بُری خبر، بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 41 پیسے فی یونٹ اضافہ متوقع ہے۔
سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ نیپرا میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست کی سماعت کل ہوگی۔
درخواست کے مطابق گزشتہ ماہ 12 ارب 26 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جب کہ بجلی کی پیداواری لاگت 111 ارب روپے رہی۔ فرنس آئل پر 31 روپے 44 فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔
سی پی پی اے کی درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایل این جی سے بجلی پیداواری لاگت 24 روپے ایک پیسہ فی یونٹ رہی اور ایران سے 26 روپے 9پیسے میں فی یونٹ بجلی درآمد کی گئی۔ بجلی 23 پیسے فی یونٹ لائن لاسز اور چوری کی نذر ہوگئی۔ بجلی کی قیمت میں 3 روپے 41 پیسے فی یونٹ اضافہ منظور کیا جائے۔