پاکستان کی سیلابی صورتحال پر دنیا کو جاگنا چاہیے، انجلینا جولی
اسلام آباد: ہالی وُڈ کی مقبول اداکار اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی سفیر انجلینا جولی نے بین الاقوامی برادری سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ڈومور کا مطالبہ کردیا۔
انجلینا جولی نے نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کا دورہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں جو صورت حال ہے دنیا کو اس پر جاگنا چاہیے، یہ بہت سارے لوگوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ انجلینا جولی نے سیلاب سے ہونے والی تباہی، عوامی مشکلات اور پاک فوج کے ریلیف آپریشن کا مشاہدہ کیا۔
انجلینا جولی نے کہا کہ جو تباہی ہوئی ہے دنیا کو اس کا اندازہ ہی نہیں، آنے والے ہفتوں میں بھرپور مدد نہ پہنچی تو بچنے والے بھی نہیں بچیں گے، زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ان انسانوں میں بے شمار بچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایسی تباہی اپنی زندگی میں کہیں نہیں دیکھی متاثرین کو خوراک، شیلٹر، طبی سہولتوں کی ہنگامی ضرورت ہے، پہلے جب بھی آئی پاکستانی عوام کو افغان عوام کی مہمان نوازی کرتے پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی خود بڑی قدرتی آفت کا شکار ہیں۔ علاوہ ازیں انجلینا جولی نے عالمی برادری سے پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ڈومور کا مطالبہ کیا۔
انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو صورت حال ہے دنیا کو اس پر جاگنا چاہیے، یہ بہت سارے لوگوں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے، کلائمیٹ چینج کے کم ذمے دار ممالک کو تباہی اور اموات کا دوسروں کی نسبت زیادہ سامنا ہے۔
انہوں نے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے پاک فوج کے کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ پاک فوج کو عوام کی مدد کرتے دیکھا۔