کورنگی میں نیشنل آئل ریفائنری کی زیر زمین لائن میں دھماکا، 6افراد جھلس گئے

کراچی: کورنگی انڈسٹریل ایریا مہران ٹاؤن کے قریب نیشنل آئل ریفائنری کی زیر زمین لائن میں کام کے دوران خوفناک دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جب کہ آتشزدگی کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ سمیت6افراد جھلس گئے۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن سیکٹر 15 پیلا اسکول شیطان چوک کے قریب نیشنل آئل ریفائنری کی زیر زمین لائن میں کام کے دوران خوفناک دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دھماکے اور آگ لگنے سے کام کرنیوالے4مزدوروں سمیت6افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
آگ لگنے کی اطلاع پر چھیپا فاؤنڈیشن کی ایمبولینسیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور مکینوں کی مدد سے 6 افراد کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا، آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس ، فائربریگیڈ اور رینجرز بھی موقع پر پہنچ گئی۔
ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق کے ایم سے کے2فائرٹینڈر اور نیشنل آئل ریفائنری کے فائر ٹینڈر کی مدد سے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ، آتش زدگی کے نتیجے میں ایک سوزوکی ہائی روف اور ایک شاول جل گئے جبکہ قریبی موجود4کچے مکانات میں رکھا سامان مکمل طور پر جل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق رات تقریباً3بجے کے قریب شاول کے ذریعے کھدائی شروع کی گئی ایک چنگاری نکلی اور زور دار دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی ، لائن میں کام کرنیوالے4مزدور، ایک سیکیورٹی گارڈ اور ایک علاقہ مکین دھماکے سے دور جا گرے ان کے جسموں پر آگ لگی ہوئی تھی۔
چھیپا کے رضاکاروں نے علاقہ مکینوں نے مدد سے ان کے جسم سے آگ بجھائی اور اسپتال منتقل کیا، زخمیوں کی شناخت 30سالہ عزیز اللہ ولد امان اللہ ، 38 سالہ شفیع اللہ ولد عالم کان ، 45 سالہ مگر خان ولد عمر گل اور 30 سالہ طفیل ولد رمضان کے نام سے کی گئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔